
اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) رابطہ عالم اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری شیخ ڈاکٹر محمدبن عبدالکریم الاعیسیٰ وفد کے ہمراہ پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ و سیکرٹری جنرل جمعیت علماءاسلام مولانا عبدالغفور حیدری نے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وفد کا استقبال کیا ۔ وفد اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران اہم ملکی و قومی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔ملاقاتوں کے دوران اُمت مسلمہ کو درپیش مسائل کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدر ی نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں حل کرنے کےلئے اُمت مسلمہ کا اتحاد انتہائی ضروری ہے اور پاکستان اس سے بخوبی آگاہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ ڈاکٹر محمدبن عبدالکریم الاعیسیٰ نے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کی جو تحریک شروع کی ہے اس کا مقصد عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔