اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ایوان کو قانون کے مطابق چلانے اور تمام اراکین کی عزت و احترام پر زور دیا ہے ۔جمعرات کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے درمیان تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نے ایوان کو قانون و ضوابط کے تحت چلانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ایوان کو قانون و ضوابط کے تحت چلانے کا حلف اٹھایا ہوا ہے،اس ایوان کو کسی کے دباو میں آ کر نہیں چلا سکتے،ہمیں اس ایوان میں ایک دوسرے کو عزت و احترام دینا چائیے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ ہائوس آف فیڈریشن ہے جس کو قانون کے مطابق چلائیں گے،اس ایوان کے ہر رکن کی عزت و وقار یکساں ہے،انہوں نے مزید کہا کہ میرا تعلق ایک سیاسی خاندان سے ہے اور میری سیاسی جد وجہد ہے۔