اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے خضدار میں سکول بس پر حملے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک سفاکانہ، غیر انسانی اور ناقابل معافی جرم ہے جو کسی بھی مہذب اور انسان دوست معاشرے میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی درندگی نہ صرف ملکی امن و امان کو تہہ و بالا کرتی ہے بلکہ معصوم والدین کے دلوں پر ایسے زخم چھوڑ جاتی ہے جو کبھی نہیں بھرتے۔سیدال خان نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی مذہب، قوم یا نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے مؤثر اور ہمہ جہت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے سیدال خان نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور زخمی بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور مؤثر حکومتی اقدامات کس قدر اہم ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599670