حیدرآباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شہید بینظیرآباد طارق علی سولنگی کی زیر صدارت ڈویژن کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع سانگھڑ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیرآباد اور بینظیر آباد زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر طارق علی سولنگی نے تمام اضلاع کے افسران کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور انہیں ہدایت کی کہ اینٹی کرپشن دفاتر میں آنے والے ہر شکایت کنندہ کی شکایت کو قانون کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ طارق علی سولنگی نے افسران کو ہدایات کی کہ سرکل افسران اپنے دفاتر میں وقت کی پابندی کریں اور تمام عملے کو یونیفارم کی مکمل پاسداری کا پابند کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ افسران اپنی کارکردگی میں شفافیت اور ایمانداری کو یقینی بنائیں تاکہ اینٹی کرپشن کے ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران کو زیر التوا کیسز جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کریں ۔انہوں نے سرکاری موبائل گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا اور ان کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ہوم علاقائی خبریں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت اجلاس، افسران...