سمبڑیال۔ 19 جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹرافضل نے کسان بیٹھک کا انعقاد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جاری ہدایات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمبڑیال نے آج جمعرات کو سمبڑیال کے گائوں دھانانوالی اور ابیالہ میں کسان بیٹھک کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ گوجرانولہ کی طرف سے بھیجی گئی لائیواسٹاک بس میں لگائی گئی ایل سی ڈی کے ذریعے لوگوں کو کانگو وائرس اور جانوروں کی مختلف بیماریوں سے بچائو کے بارے میں آگاہی دی ۔ ڈاکٹرافضل نے کسانوںکو بتایا کہ جانوروں کو چیچڑوں سے بچانا بہت ضروری ہے ، ان سے نہ صرف جانور بیمار ہوتے ہیں
بلکہ جہاں چیچڑ زیادہ دیر تک رہیں وہاں پر کانگو وائرس کا خدشہ موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیچڑ جانوروں کا خون چوستے ہیں جس سے جانور لاغر اور بیمار ہوجاتے ہیں، اس سے جانوروں میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے جانوروں میں پیٹ کے کیڑوں کے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہی دی اور ان کے خاتمہ کیلئے طریقہ کار کو ٹی وی پر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ پیٹ کے کیڑوں کی دوائی جانوروں کو ہر تین ماہ میں ایک بار ضرور پلائی جانی چاہیے ،دوائی نہ پلانے کی صورت میں پیٹ کے کیڑے جگر پر حملہ آور ہوتے ہیں جس سے بھی جانور میں خون کا بننا کم ہوجاتا ہے ،دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیماری زیادہ دیر تک رہنے کی صورت میں جانور موک کی طرف چلے جاتے ہیں جس سے جانور کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔