ڈپٹی کمشنرجھنگ کی زیر نگرانی پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد

107
ڈپٹی کمشنرجھنگ کی زیر نگرانی پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد

جھنگ۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جھنگ محمد عمیر کی زیر نگرانی گورنمنٹ گریجویٹ کالج تحصیل اٹھارہ ہزاری میں 5 جون سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں محکمہ تعلیم ، صحت، زراعت، تحفظ ماحولیات و دیگر ضلعی محکموں کے افسران سمیت انجمن تاجران،کسان رہنماؤں،سول سوسائٹی و طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر 5 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی ہے۔

یہ پابندی پنجاب حکومت کی "نو ٹو پلاسٹک” مہم اور حکومت کے ماحول دوست گرینڈ پلان کا حصہ ہے۔ اس منصوبے میں صنعتی آلودگی، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور ہوا کو صاف کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے اقدامات شامل ہیں۔ پابندی کا مقصد پلاسٹک سے انسانی زندگی، جنگلی حیات اور آبی ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات، آلودگی کو کم کرنا اور ماحولیاتی معیار کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی اشیاءجن میں کانٹے، چمچے، پلیٹین، چھریاں ، اسٹرا، پیالے، ریپنگ شیٹس، ڈسپوزل فوڈ باکسزاور شاپنگ بیگز کی پیداوار اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ کپڑے کے تھیلے اور برتن وغیرہ استعمال کریں کیونکہ پلاسٹک بیگز ماحول دشمن ہیں۔