لالہ موسی ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ، گجرات ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ2005 کی آگاہی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں اور غریب صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کمر بستہ ہو جائیں‘ صارفین کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ اور ڈائریکٹر صارفین کونسل محمود احمد بھٹی کی خصوصی ہدایت پرضلعی کونسلزاورکنزیومر کورٹس کو فعال بنایا جارہاہے۔ کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل/رجسٹرار کنزیومر کورٹ چوہدری محمد فاروق کو ہدایت کی کہ وہ کنزیومر ایکٹ کے تحت جتنے ادارے کام کررہے ہیں ان کے طریقہ کار اور ان کی پراگریس رپورٹ پر بربفنگ دیں جس پر چوہدری محمد فاروق نے اجلاس میں پر بریفنگ دی۔
کنزیومر ایکٹ کے تحت بننے والی کورٹس اور کونسلزکی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور باقی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکو بھی ان دونوں اضلاع کی تقلید کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ غریب صارفین ہماری پہلی ترجیح ہیں ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں‘اس بارے ہفتہ وار پراگریس رپورٹ دیکھی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنرز اپنے انتظامی افسران کو پابند کریں کہ وہ اپنے دفاتر میں بینرز‘ فلیکس‘ بورڈز وغیرہ نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں جہاں پر متعلقہ افسران کے ٹیلی فون نمبرز بھی موجود ہوں۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں اس کے ساتھ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کنزیومر ایکٹ پر عملدرآمد کا بھی کام لیا جائے۔ جبکہ گجرات اور سیالکوٹ میں کمپلیکس بنانے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔
کمشنر نے کہا کہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ2005 عوام دوست قانون ہے اوراس کے ثمرات ہر صورت نچلی سطح تک صارفین کو پہنچانا ہمارا فرض اولین ہوناچا ہئے ۔