ڈپٹی کمشنرز کو فیصل آباد ڈویژن کو کے پی آئیز میں صوبائی سطح پر ٹاپ تھری رینکنگ میں لانے کا ہدف تفویض

141

فیصل آباد۔ 17 جنوری (اے پی پی):کمشنر مریم خان نے فیصل آباد ڈویژن کو ’’کی پرفارمنس انڈیکٹرز‘‘(کے پی آئیز) میں صوبائی سطح پر ٹاپ تھری رینکنگ میں لانے کا ہدف تفویض کرتے ہوئے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں کارکردگی واضح نظر آنی چاہیے۔کی پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کے پہلے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے کے پی آئیز پر ہر روز میٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور کہا کہ وہ جلد اضلاع کے دورے کرکے کارکردگی کا جائزہ بھی لیں گی۔انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے بریفنگ لی اور فیصل آباد میں گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنا کر خریداروں ودکانداروں کو پک اینڈ ڈراپ کے لئے الیکٹرک کارٹس متعارف کرانے کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا صفایا ترجیح ہے جس پر زیروٹالرنس ہے۔کمشنر نے پرائس کنٹرول میکنزم پر موثر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں وبازاروں میں مزید متحرک کریں تاکہ ماہ صیام کی آمد سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو استحکام میں رکھا جاسکے۔انہوں نے ہیلتھ مراکز و سکولوں کی انسپکشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آؤٹ سورس سکولوں کے دورے کرکے امور کی نگرانی کی جائے۔انہوں نے جاری ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرانے کا ٹاسک بھی تفویض کیااور کہا کہ کے پی آئیز کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد کی تاکید کی اور کہا کہ عوامی خدمت میں فیصل آباد ڈویژن کو معیاری ڈویژن بنانا ہے۔

انہوں نے دھی رانی پروگرام کے تحت آئندہ ہفتہ کو فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے انعقاد کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور سماجی بہبود کے افسران سے بریفنگ لی اور انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر)ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصور احمد خاں نیازی،ایڈیشنل کمشنرریونیو عمران عصمت، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر عابد ممتاز خاں،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق ودیگر افسران موجود جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے