ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے سلسلے میں جائزہ اجلاس

120

مظفرگڑھ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ قراۃ العین میمن کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم نے اپنے ضلع کو ایک صحت مند ضلع بنانا ہے جس کے لئے ڈینگی سمیت دیگر تمام امراض سے بچاؤ کےلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اوراس سلسلے میں کسی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں غیر حاضر محکموں اور 80 فیصد سے کم سرگرمیاں کرنے والے محکموں کے افسران کی جواب طلبی کی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کی انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے سلسلے میں جو مسائل سامنے آرہے ہیں ان کو فوری حل کیا جائے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اطہر فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں39 محکموں کے 3300 اہلکار انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں کرتے ہیں۔ 4 محکموں کے سرگرمیاں 60 فیصد سے کم ہیں جبکہ 3 محکموں کے سرگرمیاں 80 فیصد سے کم ہیں۔ ضلع مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے 4 افراد میں ڈینگی کے مرض کی تصدیق ہوئی جو مظفرگڑھ میں رہائش نہیں رکھتے تاہم یہ اب مکمل صحت یاب ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں 705 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے ، ضلع میں 6 مقاما ت سے ڈینگی مچھر کا لاروا ملا ہے ، جہاں حفاطتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی مزید بہتری کی گنجائش ہے تمام ادارے 100 سرگرمیاں مکمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیوں کی معاونت سے ضلع بھر میں کھڑے پانی کے تالابوں کو ختم کیا جائے گا اور سیوریج کے نظام کو مکمل بحال کیا جائے گا تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکا جائے ۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد سراج سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی۔\378