پشاور۔ 03 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) سمیع اللہ خان کی زیر صدارت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں انتظامی افسران، محکمہ انڈسٹری، ای پی اے، پشاور میں قائم مختلف صنعتوں کے مالکان و منیجرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سموگ ایکشن پلان پر تفصیلی گفتگوکی گئی اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر اتفاق ہوا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے صنعتی آلودگی کی روک تھام کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹریوں میں جدید فلٹر سسٹمز کی تنصیب، ماحول دوست ایندھن کا استعمال، شجرکاری مہم کی ترویج اور ماحولیاتی آگاہی مہمات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو صنعتیں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور پلاسٹک وربڑ کو بطور ایندھن استعمال کر تی ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک صنعتکاروں اور متعلقہ اداروں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ای پی اے نےکہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سموگ ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے تاکہ پشاور کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک شہر بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555406