ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

100
Deputy Commissioner Astoor Muhammad Tariq
Deputy Commissioner Astoor Muhammad Tariq

استور ،22 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استور ڈاکٹر نواب خان, ڈپٹی انسپکٹر آف سکولز عبد المناف, ڈبلیو ایچ او کے ضلعی نمائندے ڈاکٹر ریاض حسین, ڈسٹرکٹ سپروائزر ویکسی نیشن عطااللہ سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی. اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ ڈپٹی کمشنر استور نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی مہم ہے. اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا. تاکہ معاشرے سے اس بیماری کا خاتمہ ہوسکے اور ہمارے بچے عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکے.

انہوں نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ استور محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی. اور اس امر کو یقینی بنایا جاۓگا کہ کوئی بھی پانچ سال تک کے عمر والا بچہ انسداد پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جاۓ. ڈپٹی کمشنر استور نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو ہر حال میں انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اس سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استور ڈاکٹر نواب خان نے ڈپٹی کمشنر استور کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی. انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم استور کے سرحدی یونین کونسل قمری منی مرگ کے علاوہ باقی تمام ایریاز میں مہم چلائی جاۓ گی

کیوں کہ برف باری کے باعث راستوں کی بندش اور سخت موسمی حالات کے پیش نظر قمری منی مرگ میں مہم چلانا ممکن نہیں ہے. اس مہم کے دوران کل 129 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے عمر والے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گے. جبکہ مقصد کے لیے 10 یو سی ایم اوز اور 36 ایریا انچارج اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 4 ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں. اس مہم کے دوران تقریبا 17 ہزار بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے