ڈپٹی کمشنر استور کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے اجلاس

193
ڈپٹی کمشنر استور کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے اجلاس

استور اے پی پی)24اکتوبر 2022:ڈپٹی کمشنر استور محمد ذوالقرنین خان کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ناظم اعلی پولیس محمد شرین، وزیر اعلی کے معاون خصوصی محبوب علی خان ،سیکریٹری برائے سیاسی امور علی رضا، آفیسر کمانڈنگ کیپٹن صفی خان سمیت دیگر سربراہان محکمہ جات شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی گلگت بلتستان انتہائی جوش وجذبے سے منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے تمام سرکاری عمارتوں کو چراغاں کیا جائے گا ، مختلف ثقافتی اور علاقائی پروگرامز پیش کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ جشن آزادی کے حوالے سے شہر کی سڑکوں میں بینرز لگائے جائیں گے اور بازاروں کو بھی سجایا جائے گا، جشن آزادی کی مناسبت سے مینا بازار بھی منعقد کیا جائے گا اورجس میں مختلف محکمہ جات سٹالز لگائیں گے۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پرعلاقائی ثقافتی ٹوپی اور شانٹی کی بھی بھرپور نمائش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پولو سمیت دیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے،ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی جائے گی اور ریلی کا انعقاد ہوگا جو علی المرتضٰی چوک سے ڈپٹی کمشنر آفس تک نکالی جائے گی،

اس کے علاوہ پرچم کشائی اور گارڈ آف آنر بھی ہوگا، ہائی سکول استور میں اس دن کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوگی جس میں تقاریر اور علاقائی نغمے پیش کیے جائیں گے۔