بھکر۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان نے محرم الحرام کے سلسلے میں قصر زینب کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد وٹو اسسٹنٹ کمشنر بھکر مہتاب احمد خان اور مہتمم دربار قصر زینب سکندر نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے دورے کے دوران قصر زینب میں انتظامی اُمور، مجالس کے انعقاد اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی، روشنی، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائےتاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں جلوس و مجالس عزا کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں اس ضمن میں جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے مربوط پلان تشکیل دیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جا رہی ہے جبکہ نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید وسائل کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے احکامات کیمطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائےاور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔۔