بھکر۔ 14 مئی (اے پی پی):ضلعی امن کمیٹی کے ممبران ہمارے بازو ہیں ضلع کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ممبران کی گراں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ضلعی کور امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو ظفر حسن نقوی،ڈی ایس پی ملک مظہر نون اور معز ز ممبر ان امن کمیٹی رانا آفتاب احمد خاں،سید سکندر رضا نقوی،سید قیصر عباس نقوی،مولانا عبدالرحیم رضوی،زبیر محمود مغل،قاری عبدالشکور،عاشق حسین کھوکھر سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران بھی موجود تھے
ضلعی کور امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہاکہ ضلع کے بہتر مفاد کیلئے ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنا ہونگی تاکہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کوخاک میں ملایا جاسکے۔ ضلع میں امن کے فروغ کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے اس ضمن میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و دیگر ممبران امن کمیٹی ضلع کے امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دے رہے ہیں جو کہ ضلع کی بہتری کیلئے نہایت خوش آئند امر ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبران کورامن کمیٹی نے کہا کہ بھکر ہمارااپنا شہر ہے اور اس میں مذہبی منافرت اور شر پسندی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا ئیگا، اس سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے تمام ممبران کا موقف ایک ہےاور الحمد اللہ ضلع میں امن و بھائی چارہ کی فضا قائم ہے۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ممبر کور امن کمیٹی رانا محمد اشرف خاں کی صحت یابی کیلئے بھی خصوصی طور پر دعا کی گئی