بھکر۔۔۔۔ 18 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان کے ہمراہ 21 رمضان المبارک کو نکالے جانے والے شہادتِ حضرت علیؑ کے مرکزی جلوس روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف،ایم سی ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے عملہ صفائی کو جلوس روٹ کی بروقت صفائی ستھرائی کے حوالہ سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے پولیس افسران کو جلوس روٹ پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ شہادتِ حضرت علیؑ کے جلوس کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573872