احمدپورشرقیہ۔ 09 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت پنجاب کے وضع کردہ ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ مقرر کردہ کارکردگی کے معیار پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ کارکردگی کے اعشاریوں میں ستھرا پنجاب پروگرام، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، روٹی کی قیمت پر عملدرآمد، میرج ایکٹ کا نفاذ،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا کنٹرول
ہسپتالوں اور مراکز صحت کی دیکھ بھال، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، پارکس و گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، مین ہولز کے ڈھکن کی تنصیب، تجاوزات کا خاتمہ، وال چاکنگ کی روک تھام اور سٹریٹ لائٹس اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فنکشنل جیسے اہداف شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ ضلع کے دیگر اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ2 جنوری سے8 جنوری کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 13597دکانوں، ریڑھیوں،کاروباری مراکز پر جاکر اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 10,38000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 159گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور47 دوکانیں سربمہر کی گئیں۔\378