کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی موجود تھے جنہوں نے پولیو مہم کے حوالے سے کئیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہاکہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے جعفرآباد ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی تاکہ پولیو کی وباء کو جڑ سے ہی ختم کیا جا سکے ،تمام افسران مانیٹرنگ کے عمل کو سخت کر دیں تاکہ اگر کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جائے تو اس کے متعلق فوری اقدامات کیے جا سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جعفر آباد خالد خان نے پولیو مہم کے دوران پولیو مہم کی مانیٹرنگ بھی کی ،دورے کے موقع پر بچوں کی فنگر مارکنگ اور ڈور مارکنگ کا بھی مشاہدہ کیا ، ٹرانزٹ پوائنٹ پر ٹیموں سے ملاقات کی اور تمام امور کے متعلق آگاہی حاصل کی ۔اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر رفیق چھلگری اور ڈی ایچ او کی ٹیم بھی موجود تھی ۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے یو سی روجھان جمالی میں آر ایچ سی کا جائزہ لیا اور ادویات کے متعلق آگاہی حاصل کی ۔۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے احکامات دیئے کہ آر ایچ سی میں لوگوں کو بہتر معنوں میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں ،عملہ اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائے، غیر حاضری کے عمل سے اجتناب کیا جائے کیونکہ دور دراز علاقوں سے لوگ یہاں پر علاج معالجہ کی غرض سے آتے ہیں اور وہ ہرگز یہاں سے مایوس ہو کر نہ لوٹیں۔