کوئٹہ۔ 25 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت متوقع مون سون بارشوں کے دوران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خلیل احمد، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی، ایریگیشن، صحت، میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے ضلعی سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا اور ضلعی سطح پر مربوط حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں مون سون بارشوں سے قبل تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاریوں کو مکمل کریں، نشیبی علاقوں کی نشاندہی
نکاسی آب کے نظام کی بہتری، مشینری کی دستیابی اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے جیسے تمام اہم امور پر پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی افسران اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل ٹیمیں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی جبکہ میونسپل اداروں کو ہدایت کی گئی کہ برساتی نالوں کی صفائی اور سیوریج سسٹم کی بہتری پر فوری توجہ دی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے اور ضلع بھر میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔