ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

99

حیدرآباد۔ 04 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وچیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے کے لئے ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں پولیس، ایکسائیز، خفیہ اداروں کے سربراہان، فوڈ، زراعت، انرجی، لیبر، سوشل ویلفیئر، ویمین ڈویلپمنٹ، اوقاف اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران کو ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کا مقصد ضلع میں غیرقانونی چلنے والے پیٹرول پمپس، یونٹس و ایجنسیز اور منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات ، بجلی چوری اور نان کسٹم پیڈ اشیاء کی خرید و فروخت کی روک تھام اور مدارس کی رجسٹریشن کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد کرکے کی گئی کارروائیوں کا جائزہ لیکر رپورٹ وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جائے گی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سانگھڑ غلام نبی کیریو، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔