ڈپٹی کمشنر ساہیوال کی صدارت میں روڈ ایکسڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس

81

ساہیوال۔ 28 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود کی صدارت میں روڈ ایکسڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منٹگمری ہال میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ٹریفک حادثات کی تفصیلات ‘ ان کے عوامل اور تدارک پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام سرور، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی واصف یاسین، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ نومبر کے دوران ضلع ساہیوال میں مجموعی طور پر 1110 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے،

جن میں 914 حادثات تحصیل ساہیوال جبکہ 196 حادثات تحصیل چیچہ وطنی میں پیش آئے۔ ان اعداد و شمار نے حادثات کی سنگینی کو واضح کیا، جو باعث تشویش ہے۔حادثات کی وجوہات پر گفتگو کرتے ہوئے اسپید لمٹ کی خلاف ورزی، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، اور ہیلمٹ کے عدم استعمال کو اہم عوامل قرار دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خطرناک مقامات پر ٹریفک قوانین کے نفاذ کو سخت کیا جائے اور عوام کو قوانین کی پابندی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہم فوری طور پر شروع کی جائے،

خاص طور پر ہیلمٹ کے لازمی استعمال اور اسپید لمٹ کی پابندی کے حوالے سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی بہتری، ٹریفک سگنلز کی تنصیب، اور خطرناک مقامات پر انتباہی بورڈز لگانے جیسے اقدامات حادثات کی روک تھام کے لیے ناگزیر ہیں۔اجلاس میں شریک افسران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام محکمے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں گے تاکہ ضلع ساہیوال میں ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکے۔