ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس

95
Anti-polio campaign
Anti-polio campaign

سبی نمائندہ۔ 27 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت 16 دسمبر سے 22 دسمبر تک ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر رفیق چھلگری، ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر احسان اللہ سمیت تمام محکموں کے افسران شریک تھے ۔ ڈاکٹر رفیق نے ڈپٹی کمشنر کو گزشتہ پولیو مہم کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور درپیش مسائل کے متعلق تفصیل فراہم کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے

ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہمیں غیر معمولی اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ سرد علاقوں سے لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے،سرد علاقوں سے آنے والے تمام لوگوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے تاکہ ان کے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،مانیٹرنگ پر مامور افسران اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں اور خصوصی طور پر ماسٹر ٹرینرز کو اچھی ٹریننگ دی جائے ۔

اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی کا کہنا تھا کہ ضلع سبی کے ماحولیاتی سیمپل میں پولیو وائرس اب تک موجود ہے کوئی کیس رپورٹ اس لیے نہیں ہوا کہ بچوں کو باقاعدگی سے پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں یہ ہماری کامیابی ہے ،پولیو مہم کے دوران کام کرنے والی ٹیموں کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض کی بجا آوری میں کوئی کوتاہی ہرگز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تحصیل سبی اور لہڑی میں 44089 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 205موبائل ٹیم، 15سپیشل موبائل ٹیم ، 48فکس سائٹس،22 ٹرانزٹ ٹیمز جبکہ کل 290 ٹیمز اپنے فرائض انجام دیں گی۔ ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔