پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت سیلاب زدگان کے لیے امدادی اقدامات اور فلاحی سرگرمیوں کو مربوط اور مؤثر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں متاثرہ عوام کی فوری بحالی اور جامع لائحہ عمل تشکیل دینے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) سوات سید نعمان علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) سوات نعمت اللہ خان
اقوام متحدہ کا ادارہ برائے ہم آہنگی انسانی امور، اسلامک ریلیف آرگنائزیشن، الخدمت فاؤنڈیشن، لاسونہ آرگنائزیشن، یونیسیف، سرحد رورل سپورٹ پروگرام اور دیگر فلاحی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب متاثرین کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے اور ریلیف اشیاء ان ہی کی اصل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فراہم کی جائیں تاکہ امدادی سرگرمیاں زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ عوامی خدمت کو یقینی بنائیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو بروقت، شفاف اور جامع امداد فراہم کی جا سکے۔