سیالکوٹ۔21مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی موضع بھڈال سیالکوٹ کادورہ کیا اور نیلامی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے دورے کے دوران عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی سمیت پھل و سبزی کے معیار کو چیک کیا اور منڈی میں اشیاء کی طلب و رسد سمیت ترسیل کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز سرپرائز وزٹ کرکے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بازاروں میں موجودگی پر روزانہ رپورٹ پیش کریں اور قیمت ایپ پر شہریوں کی شکایات و اطلاعات پر پرائس مجسٹریٹس فوری ردعمل دیں۔
انہوں نے تمام پرائس مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو تنبیہ کی ہے کہ ضلع بھر میں ہر ریڑھی ، دکان اور مارکیٹ پر اشیائے خورو نوش کی ریٹ لسٹس آویزاں ہونی چاہئیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایگریکلچر مارکیٹ کمیٹیاں منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔ضلع میں ذخیرہ اندوزی ، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اس رمضان المبارک میں عوام ریلیف پہنچانے کے لیے تمام ممبر صوبائی اسمبلی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سرپرائز وزٹ کریں گے اور شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں بھی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو حکومتی نرخوں پر یقینی بنایا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں تمام سستے رمضان بازار مکمل فعال ہیں ، سستے رمضان بازاروں کی سخت مانیٹرینگ کی جارہی ہے ، ضلع بھر میں تمام سستے رمضان بازاروں میں تمام اشیاء ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
ممبر صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ جس کا آج آخری دن ہے رمضان کی بابرکت ساعتوں میں ہم دن رات کوشاں ہیں کہ کوئی بھوکا نہ سوئے اس کے لیے نگہبان رمضان پروگرام کے تحت مستحقین میں ان کی دہلیز تک راشن پہنچایا جا رہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں خود بھوکے رہ کر دوسروں کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔