ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کا عاشورہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کا عاشورہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ

مزید خبریں
بہاولپور۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے عاشورہ محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، دونوں افسران نے ضلع بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد ہونے والی مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر عائشہ خان نے ڈپٹی کمشنر کو جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی رئیل ٹائم نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ضلع بھر میں ہونے والی تمام اہم سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو بتایا گیا کہ عاشورہ محرم کے دوران ضلع بہاولپور میں مجموعی طور پر 250 جلوس اور 575 مجالس منعقد ہوں گی۔
جلوسوں کی درجہ بندی کے مطابق 7 جلوس اے کیٹیگری، 5 جلوس بی کیٹیگری جبکہ 238 جلوس سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ اسی طرح مجالس میں 1 مجلس اے کیٹیگری، 3 مجالس بی کیٹیگری اور 571 مجالس سی کیٹیگری کی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی، روشنی اور طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب نے بتایا کہ حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے عاشورہ محرم کے تمام پروگراموں کی مؤثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔








