پشاور۔ 17 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب اور ڈی پی او سوات ناصر محمود نے ڈسٹرکٹ بار روم سوات کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سوات بار کے روابط کو مظبوط بنانا ہے تاکہ عوام کو ہر قسم کی سہولیات وخدمات بر وقت فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات حامد بونیرے اور ڈی ایس پی لیگل نعیم خان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب اور ڈی پی او سوات ناصر محمود نے وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور وکلاء قانون کی بالادستی
جرائم کے خاتمے اور مظلوموں کو بروقت انصاف فراہم کرنے میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے کہاکہ تمام وکلا برادری اپنے مسائل کے حوالے سے بلا جھجک میرے دفتر آئیں، میرے دفتر کے دروازے ضلع سوات کے تمام لوگوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔ اس موقع پرصدر سوات بار ایسوسی ایشن فہیم نعیم ایڈوکیٹ و دیگر کابینہ نے ڈی سی اور ڈی پی او سوات کے دورے پر انکا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وکلاء برادری قانون کی حکمرانی اور جرائم کے خاتمے کے لیے سوات پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔