ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت اجلاس، قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل د ی گئی

100
چنیوٹ ،اسسٹنٹ کمشنر لالیاں نے انسداد پولیومہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کےلئے اچانک مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ

حیدرآباد۔ 22 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد زاہد حسین رند کی زیر صدارت قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے کہا کہ صوبے میں پولیو وائرس کی موجودگی مستقبل کے معماروں کے لئے خطرہ ہے اس لئے ضلع میں 26 فروری سے شروع ہونے والی سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال عمر تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے نہ رہے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی نگرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انکو فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں پولیو ویکسین سے انکار کو کو ر کرنے والے کام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہید بینظیرآباد کیپٹن (ر) حیدر رضا نے کہا کہ ضلع میں قومی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیس اہلکاروں کو مقرر کرکے ان کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ آنے اور جانے والی گاڑیوں کو روکیں تاکہ ان میں موجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاسکیں۔

اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری اور فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر اللہ بخش راجپر نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں 26 فروری سے 3 مارچ تک سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم منعقد ہورہی ہے مہم کے دوران ضلع کے پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 20 ہزار 756 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ وٹامن اے بھی دی جائے گی اس مقصد کے لئے 1192 ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جن میں 1034 موبائل۔ 53 ٹرانزٹ، 54 فکسڈ اور 31 ایس ایم ٹی ٹیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مائکرو پلان کی تیاری، ٹیموں کی تربیت کے علاوہ دیگر تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اجلاس میں ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی عارف عباسی، ڈی ایس پی پولیس آصف آرائیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد صابر قریشی، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض شر کے علاوہ محکمہ صحت پولیس، تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔