پشاور۔ 25 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان نے خیبر پختونخوا حکومت کے بلین ٹری پلس پلانٹیشن اقدام کے تحت بام خیل سپورٹس کمپلیکس میں پودا لگاکر مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مون سون سیزن میں پورے ضلع میں تقریباً ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے، یہ پودے تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات کے مراکز، سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور دریا کے اطراف، کھیل کے میدانوں اور کھلی جگہوں پر لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے موسم غیر متوقع ہے اور شدید گرمی اب جانداروں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن رہی ہے ایسے شدیدموسمی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے شجرکاری ہی آسان اور واحد حل ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مون سون سے فائدہ اٹھائیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔