بھکر۔۔۔۔ 26 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی جانب سے ضلع میں ماحول دوستی کے فروغ کے اہم اور منفرد اقدامات جاری ہیں ،ضلع بھر کے1271 سکولوں کے 223000 ہزار بچے آج کے دن پلانٹ فار پاکستان کے تحت پودے لگائیں گے۔ پلانٹ فار پاکستان کے تحت شجرکاری کی اس مہم میں طلباء وطالبات ،اساتزہ کرام،علاقہ کی مذہبی اور سماجی شخصیات کے علاؤہ اہل علاقہ کے کثیر تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے گورنمنٹ گرلز سکینڈری سکول چک نمبر 42,43 ٹی ڈی اے میں طلبا وطالبات ،اساتدہ کرام اور دیگر شخصیات کے ہمراہ پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضلع بھر کے سرکاری گرلز اور بوائز سکولوں میں لاکھوں پودے لگائے جارہے ہیں ڈپٹی کمشنر علی اکبر نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی ہے طلباء وطالبات کو اپنے اور اپنے پیارے والدین بہن بھائیوں کے نام سے پودے ضرور لگانے چاہیں ۔اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ ہر روز تبدیل ہوتے ہوئے موسمی حالات کے پیش نظر درخت لگانا نہایت ضروری ہے تاکہ روز بروز بدلتی موسمی صورت حال کا مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ایک درخت چھبیس افراد کیلئے آکسیجن مہیا کرتا ہے۔انہوں نے طلباء وطالبات کو درخت لگانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔