قصور۔ 09 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے ایمرجنسی کنٹرول روم کا ہنگامی دورہ کیا اور جنگی حالات کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں موجود سہولیات، رابطہ نظام، عملے کی موجودگی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور عوام کو بروقت اور درست معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔عمران علی نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم کا قیام حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام محکموں اور عوام کے درمیان فوری اور مؤثر رابطہ ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔