ڈپٹی کمشنر قصور کا دورہ سبزی و فروٹ منڈی، گرانفروشی پر پانچ دکاندار گرفتار

46
Price Control
Price Control

قصور۔11 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے سبزی و فروٹ منڈی کا اچانک دورہ کیا اور صارفین سے ناجائز قیمت وصول کرنے پر 5دکاندار وں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے بتایا کہ رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیاء کی بلا تفریق فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے،ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کی کسی آڑھتی یا دکاندار کیخلاف شکایت ملی تو اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی، ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے، ماہ رمضان میں دکاندار شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرقصور نے اپنی نگرانی میں سبزیوں اور دیگر اشیاء کی بولی کروائی۔انہوں نےمارکیٹ کمیٹی افسران کو منڈی میں مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات بھی کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں خریداری کیلئے آنیوالے صارفین سے بھی قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا اور کریانہ مارکیٹ کا بھی دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامک مارکیٹ ملک سرفراز احمد، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی شیراز احمد اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔