ڈپٹی کمشنر لاہورکی زیر صدارت اجلاس، سہ فریقی کرکٹ سیریز کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

103
ڈپٹی کمشنر لاہورکی زیر صدارت اجلاس، سہ فریقی کرکٹ سیریز کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیرِ صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سہ فریقی کرکٹ سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ڈپٹی سی او ایم سی ایل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ پی سی بی کے نمائندگان نے ڈی سی لاہور کو سیریز کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سہ فریقی کرکٹ سیریز پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلی جائے گی۔

ٹیمیں 5 فروری سے 10 فروری تک لاہور میں قیام کریں گی۔ 6 اور 7 فروری کو ٹیموں کے پریکٹس سیشن ہوں گے جبکہ 8 اور 10 فروری کو لاہور میں میچز منعقد ہوں گے۔ 9 فروری کو پاکستانی کرکٹ ٹیم لاہور سے کراچی روانہ ہوگی جبکہ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 11 فروری کو لاہور سے کراچی روانہ ہوں گی۔ ڈی سی لاہور نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے مختلف ٹاسک سونپ دیئے۔ ایم سی ایل روٹ اور گرین بیلٹس پر لائٹنگ کے مناسب انتظامات یقینی بنائے گا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر روٹس کو کلئیر کروائے گی۔ میچز کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک رہے گا۔ میڈیکل انتظامات اور ایمرجنسی سروسز کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے گا اور 10 بیڈز پر مشتمل ایک عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائے گا، واسا سیوریج نظام کو درست رکھے گا اور روٹس پر پانی کا چھڑکاؤ کرے گا۔ لیسکو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ سول ڈیفنس پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے سخت فرائض سرانجام دے گا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی فیلڈ میں متحرک رہے گا۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور لی پارک کمپنی مل کر پارکنگ کے معاملات دیکھیں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے اور ہم سب نے مل کر اسے کامیاب بنانا ہے۔ شائقینِ کرکٹ کو تمام تر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام انتظامی افسران اور سٹاف اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقے سے اور قومی فریضہ سمجھتے ہوئے نبھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس سیریز کے دوران کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ آئے اور شائقین ایک خوشگوار ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔