ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل سٹی کا دورہ ، ترقیاتی کاموں اور صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا

85
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل سٹی کا دورہ ، ترقیاتی کاموں اور صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور کے زیرانتظام لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت متفرق مقامات پر ترقیاتی کاموں اور صفائی آپریشنز کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل سٹی کا دورہ کیا، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور صفائی آپریشن کی بہتر انجام دہی کی ہدایات جاری کیں۔

ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے سماندھی گنگا رام کچا راوی روڈ کے اطراف میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے اور ڈپٹی سی او ایل ڈبلیو ایم و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے بریفنگ میں یو سی 49 کی 10 گلیوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت سے آگاہ کیا ۔

ڈی سی لاہور نے ترقیاتی کاموں کی شفافیت اور معیار پر خصوصی زور دیا اور کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں کام کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ترقیاتی کاموں میں بہترین معیار کے ساتھ تکمیل بروقت کی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صفائی آپریشنز کے مکمل اہداف کے حصول کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور مربوط حکمت عملی کے تحت صفائی آپریشنز جاری ہیں تاہم ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی سمیت تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، جہاں کہیں تجاوزات نظر آئیں، فی الفور ایکشن لیا جائے اور عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

ڈی سی لاہور نے اس موقع پر مزید کہا کہ لاہور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ڈی سی لاہور نے یونین کونسل نمبر 49 میں جاری ترقیاتی کاموں کی بریفنگ لی جہاں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون میں 10 گلیاں شامل ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر ڈی سی لاہورکو بتایا گیا کہ 5 گلیوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں بہترین معیار کے ساتھ تکمیل بروقت کی جائے۔ ڈی سی لاہور نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں کردار ادا کریں۔