لاہور۔8فروری (اے پی پی):لاہور کلین مہم کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے تحصیل سٹی کے مختلف مقامات کے دورے کیے ۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے یو سی 78 ریس کورس، قرطبہ چوک، گلشن راوی، بابو صابو و اطراف کے دورے کیے ۔ سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے – انہوں نے قرطبہ چوک و بابو صابو کے اطراف میں صفائی ستھرائی اقدامات کا جائزہ لیا اور ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے متعلق ضروری اقدامات اٹھائیں اور لاہور شہر کو گندگی سے پاک کرنے کیلئے ڈٹ جائیں۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ واسا حکام نالوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کریں اور مانیٹرنگ یقینی بنائیں، غیر ضروری تجاوزات کے پوائنٹس کو فی الفور ختم کروایا جائے، تجاوزات مافیا کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر لاہور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں، ماحول صاف ہو گا تو معاشرہ صحتمند ہو گا۔ بعد ازاں ڈی سی لاہور نے یو سی 78 ریس کورس ایریا میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے کی جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔