ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت اجلاس،سہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے شاندار انتظامات کرنے کی ہدایت

82

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر جعفر حسین نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شجاعین وسطرو سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر جعفر حسین نے فروری کے ایونٹس پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور سہ ملکی کرکٹ سیریز کی میزبانی کرے گا اور رواں برس کی دوسری پولیو مہم چلائی جائے گی۔ ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سہ ملکی کرکٹ سیریز کےکامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے شاندار انتظامات کیے جائیں۔

پولیو مہم کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام و پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پر کام تیز کیا جائے، ڈی سی لاہور نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر بھر میں صفائی مہم، انسداد تجاوزات مہم میں تیزی لائی جائے اورماڈل ریڑھیوں، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔