لاہور۔30مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور نے انسداد پولیو مہم کے پانچویں روز بیگم کوٹ اور حنیف پارک کا دورہ کیا اور فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو مہم میں موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی افادیت پر زور دیتے ہوئے ٹیموں کو ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کی ہدایت کی۔
ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ ہر بچے کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلانا ہماری اولین ترجیح ہے اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور محنت اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن ’’پولیو فری لاہور‘‘کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے اور عوام کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ورکرز لاہور کو پولیو سے پاک بنانے کے مشن میں بھرپور تندہی سے کام کر رہے ہیں اور انتظامیہ ان کی خدمات کو سراہتی ہے۔