لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر بھر میں قائم ریلیف کیمپس میں متاثرین کو کھانا، صاف پینے کا پانی، بچوں کے لیے دودھ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کیمپس میں بچوں کی نصابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرین میں کپڑوں اور جوتوں کی تقسیم کی ہدایت دی ہے جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی اور مچھر مار سپرے کا کام بھی جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، روڈا، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بحالی کے کاموں میں پیش پیش ہیں۔ ڈی سی سید موسی رضا نے ہدایت کی کہ متاثرین کی بروقت بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متاثرین کو جلد ان کے گھروں میں منتقل کرنے کے لیے پرعزم ہے،ان کوششوں سے شہریوں کی زندگی معمول پر لوٹنے میں مدد مل رہی ہے۔