مانسہرہ۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال کی زیر صدارت عید الاضحیٰ اور سیاحوں کی متوقع آمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد عید کے موقع پر عوام کو سہولیات کی فراہمی، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات اور مانسہرہ آنے والے سیاحوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناران، کاغان، شوگران اور دیگر سیاحتی مقامات پر ٹریفک کے منظم بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر ٹریفک پلان تیار کیا جائے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
عید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کی باقیات کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے ٹی ایم اے خصوصی صفائی مہم کا آغاز کرے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیاحوں کی آسانی کے لیے رہنمائی مراکز، ٹریفک سائن بورڈز اور ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ انہیں معلومات اور فوری معاونت فراہم کی جا سکے۔ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ عید کے ایام میں نہ صرف مقامی شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں بلکہ سیاحوں کو بھی ایک خوشگوار تجربہ حاصل ہو۔
ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف عوامی فلاح کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ ضلع مانسہرہ کی سیاحتی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔