- Advertisement -
راولپنڈی۔11اگست (اے پی پی):یوم آزادی کے موقع پر مری میں عوامی تحفظ اور نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے مال روڈ اور جی پی او چوک پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔ اس فیصلے کے تحت 12، 13 اور 14 اگست کو ان مقامات پر صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر مری نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (پنجاب ترمیمی ایکٹ 2024) کے تحت پابندی عائد کی۔ حکمنامے کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور تین روز تک برقرار رہے گی جبکہ کسی بھی خلاف ورزی پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر مری کا کہنا تھا کہ یہ اقدام جشنِ آزادی کے موقع پر عوام کے تحفظ اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
- Advertisement -