راولنڈی۔ 04 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیااور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ،موجود عملے کی حاضری کو چیک کیا ،غیر حاضر سٹاف پر برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، لیبر روم، فارمیسی اور لیبارٹری سمیت دیگر اہم شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور طبی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم کچھ شعبہ جات میں بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں اور عملے کی غیر حاضری پر سخت کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔