ڈپٹی کمشنر مری کا ایلیمنٹری سکول ڈھلہ کا دورہ، صفائی ستھرائی اور تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا

4

راولپنڈی ۔17جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول ڈھلہ مری کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومزمیں جا کر درس و تدریس،صفائی ستھرائی اور سکول کی دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر مری نے تمام اساتذہ اور ملازمین کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ سٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ

معیاری تعلیم و تربیت ہی قوموں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے، اساتذہ بچوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، بچوں کی مثبت کردار سازی میں اساتذہ کے کردار کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری اور تدریسی عمل وقت کی ضرورت ہے، اساتذہ جدید تدریسی ٹیکنیکس سے قوم کا مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی سی مری نے سکول انتظامیہ کو تدریسی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے اور سٹاف کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔