مظفرگڑھ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن نے محکمہ مال کے افسران کے ساتھ ضلع کونسل ہال میں تعارفی ملاقات کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابدہ فرید اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی تحصیلوں کے ریونیو معاملات پر ڈپٹی کمشنر کوتفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو افسران اور سٹاف 9 بجے اپنے دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔ریونیو سٹاف عوام کیلئے اپنےدفتر کے دروازے کھلے رکھیں۔
عوامی مسائل سنیں اور میرٹ پر حل کریں۔لینڈ ریونیو،زرعی انکم ٹیکس،آبیانہ اور رجسٹریشن فیس سمیت دیگر ریونیو معاملات میں کارکردگی بہتر کی جائے۔ قبضہ مافیا سے سرکاری زمین واگزار کرائیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام میں ریونیو پلس پروجیکٹ کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔
سرکاری بقایا جات کی وصولی کے اہداف کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں ہر موضع کا وزٹ کروں گی اور ریونیو معاملات کا جائزہ لوں گی۔اگر کسی پٹواری اور ریونیو سٹاف کو مشکلات درپیش ہونگی تو ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز ان کے ساتھ ہونگے۔
تحصیلوں میں ریونیو سٹاف کا مقابلہ کرایا جائے گا اور اچھا کام کرنے والوں کی ترقی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ سرکاری واجبات کی تاخیر پر متعلقہ افسران جوابدہ ہونگے۔کام نہ کرنے والے ریونیو افسران کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ریونیو کے افسران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔