ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سےملتان میں چراغاں ، سجاوٹ ،میلاد کے جلوس روٹس،عبادت گاہوں کی بھرپور صفائی اور پیچ ورک کرنے کے لئے احکامات جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز یہاں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انتظامات کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سمیت اہل سنت جماعتوں کے اکابرین و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐکا یوم ولادت باسعادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا،عید میلاد النبی کے جلوسوں اور محافل کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے گی،سرور کائنات کا میلاد منانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے،جلوسوں کے راستوں کی مرمت اور صفائی کے کام کو ہرحالت میں یقینی بنایا جائے گا۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے عید میلاد النبی ؐ کے جلوسوں اور دیگر محافل کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور بہترین انتظامات کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے،علماء کرام عید میلاد النبی ؐ کی محافل اور دیگر پروگراموں میں عوام کو حضور نبی کریم کے اُسوہ حسنہ ، ارشادات پر عمل کرنے کی تلقین کریں تا کہ ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بنے اور آپس میں مذہبی ہم آہنگی ،رواداری ، صبرو تحمل اوربھائی چارہ کو فروغ مل سکے۔
سٹی پولیس آفیسر صادق نے کہا کہ 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،عید میلاد النبی کےجلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے گی،حساس مقامات اور عبادت گاہوں کی مکمل سکریننگ کی جارہی ہے،جلوسوں اور محافل کے راستوں اور مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی،12 ربیع الاول کوفائرنگ،ڈبل سواری ،گھڑ سواری اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔اس دوران انجمن اسلامیہ،جماعت اہل سنت مرکزی میلاد کونسل کے نمائندگان نے مسائل و تجاویزپیش کیں۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل اورتجاویز پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔