ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین کے حوالہ سے اجلاس

3

حیدرآباد۔ 25 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین کے حوالہ سے اہم اجلاس لطیف ہال میں منعقد ہوا ۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں زیر تعلیم 9 سے 14 سال کی عمر کی طالبات کے درست اعداد و شمار فراہم کریں تاکہ ویکسینیشن ٹیموں کی مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ محکمہ تعلیم سکولوں میں آگاہی مہم شروع کرے تاکہ والدین اور بچیوں کو اس بیماری اور ویکسین کی اہمیت سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کو ہدایت دی کہ اگست سے عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے جس میں سیمینارز، ریلیاں اور پمفلٹ کی تقسیم شامل ہو تاکہ مہم کے آغاز سے قبل والدین مکمل طور پر باخبر ہوں اور مہم میں بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ایچ پی وی مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بابر راجپوت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع مٹیاری میں 15 ستمبر 2025 سے 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر (ہیومن پیپیلوما وائرس – HPV) سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کی 12 روزہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہےجس کے دوران بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ویکسین کے ذریعے سروائیکل کینسر کی شرح میں 70 فیصد تک کمی ممکن ہے، سکول سے باہر بچیوں کو ویکسین لگانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر تنظیموں کی مدد لی جائے گی جبکہ بچیوں کو ویکسینیشن کارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔ ڈاکٹر بابر نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد بچیوں کو مستقبل میں ایک مہلک بیماری سے محفوظ رکھنا ہے اور اس کے لیے محکمہ صحت، تعلیم اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II اقرا جنت

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف علی شاہ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ محکمہ صحت کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ مہم کے دوران تعاون کریں اور اپنی بچیوں کو حفاظتی ویکسین ضرور لگوائیں۔