ڈیرہ مراد جمالی ۔ 25 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالحمید ابڑو، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فیمیل، آر ٹی سی ایم، یونیسیف اور دیگر تعلیمی و سماجی اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، تدریسی عمل کی صورتحال، غیر فعال اسکولز اور اساتذہ کی حاضری سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی کا ستون ہے، اس لیے تعلیمی میدان میں جاری جدوجہد کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکولوں میں تدریسی عمل کی بحالی اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں بند اسکولوں کو فعال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لیے باقاعدہ پلان تیار کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے مستقبل کا انحصار اساتذہ کی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر ہے، اس لیے فرائض سے غفلت برتنے والے عملے کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
انہوں نے یونیسیف اور دیگر شراکت دار اداروں کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری و غیر سرکاری ادارے باہمی اشتراک سے تعلیمی بہتری کے لیے مل کر کام کریں تاکہ ضلع نصیرآباد میں شرح خواندگی میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔