کوئٹہ۔ 12 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے بیسک ہیلتھ یونٹ نور محمد مینگل کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کی دستیابی، ادویات کی موجودگی اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسٹور میں رکھی گئی ادویات کی جانچ کی اور ان کی ایکسپائری اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈیکل سٹاف کی حاضری رجسٹر کا بھی معائنہ کیا اور عملے کی بروقت حاضری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام طبی مراکز کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور صفائی ستھرائی کے نظام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیے گئے اس دورے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جلد ایک بار پھر یونٹ کے دورے کا عندیہ دیا تاکہ اصلاحات کا جائزہ لیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596264