نمائندہ۔ 17 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رائے شزرہ منصب علی خان کھرل کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر دفتر میں پودے لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔شجرکاری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے تحت ضلع بھر میں ہزاروں پودے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی تمام پارکس، سکولوں، کالجز اور مین شاہراہوں پر بھی نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، نئے پودے لگا کر آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہو گا، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنے حصے کا پودا لگانا ہو گا۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگا کر ہی ماحول کو صاف ستھرا بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کے اپنا حصہ ڈالیں اور ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بعد ازاں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے جانے والے ماڈل رمضان بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے رمضان بازار میں فیئر پرائس شاپ، فروٹ شاپس، آٹا سیل پوائنٹس سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ماڈل رمضان بازار میں شہریوں سے سستی اشیاء کی فراہمی اور معیار بارے بھی دریافت کیا، ممبر قومی اسمبلی نے ماڈل رمضان بازار میں صفائی ستھرائی و دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسبموق3 پر ممبر قومی اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل رمضان بازار کی فیئر پرائس شاپ پر 13 اشیاء مارکیٹ سے 25 سے 30 فیصد کم ریٹس پر دستیاب ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔