ننکانہ صاحب۔ 25 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائو کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، سی او ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی نے جاری پولیو مہم بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ، پولیو مہم میں دو لاکھ 98 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
ضلع میں 90 فیصد سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔
اس موقع پرانہوں نے’’ اے پی پی‘‘ سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب کے وژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی قومی مقصد ہے جس کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587773