ننکانہ صاحب۔ 29 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ہسپتال کی ری ویمپنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ایکسین بلڈنگ اور ٹھیکیداران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 31 دسمبر تک ضلع کے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا عمل ہر صورت مکمل کیا جائے۔
انہوں نے ایکسین ہائی وے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو جانے والے تمام راستوں کی فی الفور تعمیر و مرمت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا عمل رواں ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے بعد دیہی مراکز صحت میں بڑے سرکاری ہسپتالوں جیسی تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کھیاڑے کلاں کا دورہ کیا۔
ڈی سی نے سکول کی گراؤنڈ، باؤنڈری وال سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین، تمام محکمہ جات کے سی اوز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایکسین بلڈنگ، ہائی وے سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔