شیخوپورہ۔ 10 جنوری (اے پی پی):ضلع شیخوپوره میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر نگرانی لاہور سرگودھا روڈ پر بڑی مارکیٹوں کے باہر تجاوزات اور پختہ تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کاروائیاں کیں۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے کسی بھی قسم کا دباؤ برداشت نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشادہ سڑکوں اور بازاروں کو ناجائز تجاوزات سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا ، دوکانوں کے باہر پڑا سامان ضبط کر لیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی ، سی او میونسپل کمیٹی و دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔شیخوپورہ شہر اور اسکی پانچوں تحصیلوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کی نگرانی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کر رہے ہیں ۔