فیصل آباد ۔ 01 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے حفاظتی قطرے پلا کراور انگلیوں پر نشانات لگاکر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔سات روزہ انسداد پولیو مہم 3 سے 9جون تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ 400بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4922پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے اور باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے، والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ مائیکروپلان پرذمہ داری سے عمل کیا جائے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی جائے گی اس ضمن میں غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز،پارکس،موٹر وے انٹرچینجز سمیت دیگر فکسڈ پوائنٹس پر ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے باعث گھروں پر خصوصی فوکس کیا جائے اور مہمان بچوں کو بھی قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور شدید گرمی کے باعث مہم کو صبح جلدی شروع کرنے کی بھی تاکید کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یا ر،ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس،ڈی ڈی ایچ او سٹی ڈاکٹر عظیم ارشد اور یونیسف کے نمائندگان بھی موجود تھے۔سی ای او نے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔